کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے خط پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آج کراچی پہنچیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں صنعت کاروں سے ملاقات کریں۔ ملاقات میں صنعت کار اپنے مسائل سے وفاقی وزیر خزانہ کو آگاہ کریں گے۔ واضح رہے کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے گورنر سندھ سے درخواست کی تھی کہ وہ وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات کا اہتمام کریں۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی درخواست پر گورنر سندھ نے وفاقی وزیر خزانہ کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے 55 ہزار ممبران مشکلات کا شکار ہیں، آپ وقت نکال کر ان سے ملاقات کریں، معاشی حب کے صنعت کاروں کے مسائل کا حل قومی ترقی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے۔ علاوہ ازیںگورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پاک ایران بارڈر پر پھنسے زائرین کی فریاد پر نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ سے کہا کہ وہ زائرین کی بحفاظت واپسی یقینی بنائیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سینکڑوں زائرین کی گرمی سے حالت زار بہت خراب ہوچکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق چھوٹے بچے، خواتین اور بزرگ افراد کے پاس کھانے پینے کی اشیابھی دستیاب نہیں۔