چیف جسٹس کو قتل کی دھمکیاں،حکومت کاسخت نوٹس ،نائب امیر ٹی ایل پی گرفتار

174

لاہور(نمائندہ جسارت)چیف جسٹس کو قتل کی دھمکیاں،حکومت کاسخت نوٹس ،نائب امیر ٹی ایل پی گرفتار۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسٰی کو قتل کی دھمکی دینے کے معاملے پر پنجاب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نائب امیر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) ظہیر الحسن شاہ کو گرفتار کر لیا۔ذرائع نے بتایا کہ ظہیر الحسن شاہ کو پنجاب کے ضلع اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا ہے، ٹی ایل پی کے نائب امیر شہر میں نامعلوم مقام پر روپوش تھے، انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کرکے انہیں گرفتار کیا گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو جان سے مارنے کی دھمکی پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے رہنما ظہیر الحسن شاہ کے خلاف لاہور کے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، مذہبی منافرت، فساد پھیلانے، عدلیہ پر دباؤ ڈالنے، اعلی عدلیہ کو دھمکی،کار سرکار میں مداخلت اور قانونی فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پریس کلب کے باہر احتجاج سے پیر ظہیر الحسن نے اعلی عدلیہ کے خلاف نفرت پھیلائی، ٹی ایل پی کے نائب امیرسمیت 1500 کارکن پر مقدمہ اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) حماد حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔