بارش کے باوجود جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری

149

راولپنڈی : لیاقت باغ میں جماعت اسلامی پاکستان کا بجلی کی قیمتوں میں اضافے، زائد ٹیکسوں اور مہنگائی کے خلاف دھرنا آج چوتھے روز میں داخل ہو گیا۔

شرکاء کا جوش و خروش برقرار ہے اور نعرے لگائے جا رہے ہیں۔ خواتین بھی دھرنے کا حصہ بنیں اور ان کے لیے الگ پنڈال قائم کیا گیا۔ میٹرو بس سروس تین دن کی معطلی کے بعد آج چوتھے روز بحال ہو گئی ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے تاجروں، اساتذہ اور مزدور تنظیموں کو آج سے دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ جماعت اسلامی اور حکومتی ٹیموں کے درمیان مذاکرات کا اہم دور آج ہوگا۔ جڑواں شہروں میں بارش نے دھرنے کے شرکاء کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

حافظ نعیم الرحمن نے لاہور میں جماعت اسلامی کی خواتین کارکنوں کو روکنے کی حکومتی کوششوں پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی بزدلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس سے قبل جماعت اسلامی نے ابتدائی مذاکرات میں اپنا موقف پیش کیا تھا۔ حکومتی ٹیم آج تفصیلی جواب دے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج مثبت پیش رفت متوقع ہے۔

جماعت اسلامی نے حکومت کی جانب سے دھرنے کو لیاقت باغ چوک سے لیاقت باغ منتقل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں سے اسلام آباد کی طرف احتجاج جاری رہے گا۔