پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے 98 لاکھ مریض ہیں، ترجمان وزارت صحت

325
Hepatitis C patients in Pakistan

اسلام آباد: وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کا بوجھ بہت زیادہ ہے، اور محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے قریباً 98 لاکھ مریض ہیں۔

ترجمان وزارت صحت کے بیان کے مطابق وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ ہیپاٹائیٹس کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے۔ وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام کا آغاز بھی کیا جارہا ہے۔ وفاق اور چاروں صوبوں کے اشتراک سے 68 ارب کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام کا مقصد پاکستان میں ہیپاٹائیٹس سی کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کی روک تھام کرنا ہے۔ 98 لاکھ کیسز کو تلاش کرنے کے لیے ملک بھر میں 12 سال سے زائد عمر کی آبادی کی سکریننگ کی جائے گی۔ ملک گیر سکریننگ اور علاج کی سہولیات تک کی رسائی لوگوں کو مفت فراہم کی جائے گی۔

ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں ہیپاٹائیٹس سی کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ خون سے پھیلنے والا انفیکشن ہیپاٹائٹس سی متاثرہ خون کی منتقلی سے پھیلتا ہے۔ ہیپاٹائٹس سی سے بچاؤ کا بہترین طریقہ وائرس کی منتقلی والے عوامل بارے احتیاط کرنی چاہیے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کبھی بھی ایسی اشیا استعمال نہ کریں جن پر دوسرے لوگوں کا خون لگ سکتا ہو۔ ہمیشہ غیر استعمال شدہ استرا، بلیڈ اور دیگر اشیا ڈسپوزیبل یعنی ایک ہی مرتبہ استعمال ہونے والی اشیا استعمال کریں۔ انجیکشن لائسنس یافتہ پریکٹیشنر کے زیرانتظام اور غیراستعمال شدہ یعنی ڈسپوزیبل سوئیاں/سرنجیں استعمال کریں۔ ایک ہی شخص پر استعمال ہونے والے جراثیم سے پاک ٹولز کے ذریعے کان/ناک چھدوائیں۔ خون کے ہیپا ٹائیٹس وائرس سے پاک ہونے کو یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ اسکرین شدہ خون لگوائیں۔ غیر محفوظ جنسی عمل یا تعلقات سے پرہیز کریں۔