گوادر میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کا جوان شہید، 16 زخمی

229
Security forces operation in Kalat

راولپنڈی:گوادر میں دہشت گردوں کی ایک کارروائی میں پاک فوج کا جوان شہید اور افسر سمیت 16 دیگر اہل کار زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر 29  جولائی کے روز بلوچ راجی موچی کی آڑ میں پرتشدد ہجوم نے ضلع گوادر میں حفاظتی ڈیوٹی پر مامور سیکورٹی فورسز کے اہل کاروں پر اچانک حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 30 سالہ سپاہی شبیر بلوچ شہید ہوگیا۔ شہید سپاہی سبی کا رہائشی تھا جب کہ حملے میں ایک افسر سمیت 16 اہل کار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے کے مطابق دوسری جانب سوشل میڈیا پر غیر قانونی پُرتشدد مارچ کے لیے ہمدردی اور حمایت حاصل کرنے کے لیے پروپیگنڈا کرنے والوں کی جانب سے جعلی تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال کیا گیا، جعلی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے اشتعال انگیزی کے باوجود غیر ضروری شہری ہلاکتوں سے بچنے کے لیے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہجوم کی پُرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، تمام شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، پُرسکون اور پُرامن رہیں اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔