سکھر (نمائندہ جسارت)سکھر میونسپل کارپوریشن اور ادویہ ساز کمپنیز کے تعاون سے برین اینڈ مائنڈ ڈائیگناسٹک اینڈ ری ہیبلی ٹیشن نے جناح میونسپل اسٹیڈیم میں دو روزہ فری میڈیکل اینڈ مینٹل ہیلتھ کیمپ کا باقاعدہ آغاز کیا، جہاں میڈیکل کیمپ کے چیف آرگنائزز و میئر سکھر کے ایڈوائزر ڈاکٹر ذیشان قیصر اور مشہور و معروف ڈاکٹر عاطف سعید انجم کی سربراہی میں 6 دماغی صحت کے ماہر ڈاکٹرز نے مریضوں کے مفت چیک اپ کیساتھ ساتھ انہیں مفت ادویات فراہم کیں۔ ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل نے جاری میڈیکل کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا اور موجود مریضوں سے گفتگو کی‘ کیمپ کے انعقاد پر ڈاکٹرز اور ان کی ٹیم کوخراج تحسین پیش کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشد مغل کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کسی نعمت سے کم نہیں جہاں ماہر ڈاکٹروں اور ان کی ٹیم مفت چیک اپ کیساتھ ساتھ مریضوں کو ادویات بھی فراہم کررہے ہیں، فری میڈیکل کیمپ اتوار کو بھی جاری رھے گا ‘ ہم جلد دماغی صحت کے حوالے سے ایک لیب کا افتتاح بھی کرینگے جہاں شہریوں کو مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی میئر سکھر کے ہمراہ بلدیہ کے سینئر آفیسر عابد علی انصاری‘ رکن بلدیہ میڈم عذرا جمال، او ایس شہزور کھوسو سمیت دیگر بھی موجود تھے۔