اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ؎ویزا رجیم میں نرمی مثبت پیشرفت، بیرونی سرمایہ کاری، سیاحت بڑھے گی۔ وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کاروں، کاروباری برادری اور سیاحوں کے لیے ویزا کے حصول کو سہل اور آسان بنانے کے حوالے سے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم قدم اٹھایا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ویزا رجیم میں نرمی کی ہے جو کہ ایک انتہائی مثبت پیشرفت ہے، گلف کوآپریشن کونسل کے ممالک کی کاروباری شخصیات کے لیے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیراعظم کے بقول ویزا فری انٹری کی بدولت خلیجی ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع مزید بڑھیں گے، 126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹے کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزے جاری کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزا فیس سے مستثنا قرار دیا گیا ہے، ویزا پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان بیرون ممالک کے افراد کے لیے کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پرکشش مقام بن جائے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذہبی سیاحت میں بہتری کے حوالے سے تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت کے لیے الگ سے سب کیٹیگری کی منظوری بھی دی گئی ہے، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر الیکٹرونک گیٹس کے نظام کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ ویزا پالیسی میں نرمی سے معیشت مستحکم ہو گی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا، پاکستان میں بہت سے مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شمالی علاقے سیاحوں کے لیے جنت ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ نئی ویزا رجیم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ بھی قائم کیا جائے گا جو کہ موخر الذکر ممالک کے حوالے سے ویزا فری انٹری، بزنس ویزا لسٹ اور ٹورسٹ ویزا آن ارائیول کی نگرانی کرے گا اور جائزہ رپورٹ فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی ویزا رجیم پر وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔