اسلام آباد دھرنے سے اظہار یکجہتی، جماعت اسلامی کے کراچی میں 20 مقامات پر احتجاجی کیمپ

300

کراچی:اسلام آباد دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی نے کراچی میں 20 مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے، جہاں بڑی اسکرین لگا کر کارکنان نے حکومت مخالف اور مہنگائی کیخلاف نعرے لگاکر مطالبہ کیا کہ  بجلی کی قیمتوں سمیت تمام چیزوں پر لگائے گئے ٹیکسیز واپس لیے جائیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت ملک میں بڑھتی مہنگائی، آئی ایم ایف اور وفاقی حکومت کے ظالمانہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز،پیٹرول،گیس وبجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے اور ظالمانہ سلیب سسٹم اور آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف اسلام آباد مری روڑ پر جاری احتجاجی دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں مختلف اضلاع کے تحت 20مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے گئے۔

کیمپس پر ایس ایم ڈی بڑی اسکرین پر اسلام آباد دھرنے کی کارروائی براہ ِ راست دکھائی گئی، جہاں ضلع کے ذمہ داران نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کے حق اور مسائل کے حل کے لیے نکلی ہے، ہمارے مطالبات پوری قوم کے دل کی آواز ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت مری روڈ پر دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ حکومت کی جانب سے تمام تر رکاوٹوں، پولیس تشدد، سینکڑوں کارکنوں و رہنماؤں کی گرفتاریوں، دفاتر اور گھروں پر چھاپوں کے باوجود ہزاروں افراد مری روڈ پر جمع ہیں۔

واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان بھی دھرنے میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔

کیمپ کے شرکاء میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا، شرکاء نے دھرنے کے مطالبات پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے اور انہوں نے پُر جوش نعرے بھی لگائے جن میں ”بجلی کا بل کم کرنا ہوگا، دھرنا ہو گا، دھرنا ہوگا، آئی پی پیز کو بند کرنا ہوگا، دھرنا ہوگا، دھرنا ہوگا، تنخواہ داروں پر ٹیکس واپس لینا ہوگا، دھرنا ہوگا، دھرنا ہو گا“۔