شکرگڑھ :وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کاکہنا ہے کہ 2018میں سازش سے ملک کو ایک اناڑی اور ضدی شخص کے حوالے کیا گیا بانی پی ٹی آئی نے عزیز ملک چین پر کرپشن کے بے بنیاد الزام لگائے، بانی پی ٹی آئی نے4سال میں مخالفین پرمقدمات بنائے اورجیلوں میں ڈالا، سڑکوں پر ہنگاموں اور عوام کومشتعل کر کے سرمایہ کاروں کو بھگایا جار ہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے ترقی ومنصوبہ بندی نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں، سیاست، لانگ مارچ کے بجائے سر جوڑ کر ملکی مسائل کا حل نکالیں، جماعت اسلامی کو معلوم ہے اصلاحات، اقدامات کے بغیر مسائل کاحل ممکن نہیں، بجلی بحران کی وجہ کرنسی کی گراوٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی معاشی مسائل پرسیاست نہیں کرنی چاہیے انتشار سے معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا، 2013 کے بعد انہی کرداروں نے تشدد اور بدامنی کو پھیلایا، آج بھی کچھ کردار چینی سرمایہ کاروں کو بھگانے کے لیے سرگرم ہیں، سازش کے تحت گوادر اور ملک کے دیگر حصوں میں مظاہرے کرائے جا رہے ہیں، مظاہروں کا مقصد سی پیک فیز ٹو کو روکنا ہے۔