روس کی پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کے لیے مدد کی پیش کش

278

کراچی (صباح نیوز)روس نے اسٹیل مل کی بحالی کے لیے مدد کی پیش کش کردی۔کراچی کونسل آن فارن ریلیشن کی پاک روس تعلقات پرتقریب ہوئی جس میں روسی قونصل جنرل وکٹرووچ شریک ہوئے اور گفتگو کی۔روسی قونصل جنرل کا کہنا تھاکہ روس نے ہمیشہ جنوبی ایشیا میں امن کو فروغ دیاہے، پاکستان اسٹیل مل کا قیام دونوں ممالک کے تعاون کی مثال ہے، اسٹیل مل
ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں قائم ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جس کے ساتھ روس نے ڈپلومیٹک ویزا پر تعاون کیا، گزشتہ تین برسوں میں پاکستان میں تین مختلف حکومتیں رہیں لیکن پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ان کا کہناتھاکہ پاکستان اور روس کے درمیان حال ہی میں متعدد پروجیکٹس پر کام شروع ہوا ہے، دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں بہت چیزیں مماثلت رکھتی ہیں۔روسی قونصل جنرل نے پیشکش کی کہ اسٹیل مل کی بحالی کے لیے مدد کرنے کو تیار ہیں، حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے سنجیدگی کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار میں سیکرٹری صنعت وپیداوار نے بریفنگ میں بتایا تھا کہ مارکیٹ میں پاکستان اسٹیل مل کا کوئی خریدار نہیں، حکومت نے اسے اسکریپ کرنے اور زمین کو دوسرے مقاصد کے لیے استعمال میں لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وفاقی کابینہ نے منظوری بھی دے دی ہے۔