لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کا 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ اورجسٹس انوارالحق پنوں پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ لاہورہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، جسمانی ریمانڈ سے متعلق اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے موجودہیں، جسمانی ریمانڈ کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ نے الزامات کا جائزہ لینا ہوتا ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل عدالت کو قانونی طور پر مطمئن نہیں کرسکے، اگر مقدمہ نہیں بنتا تو جج مقدمہ ڈسچارج کرسکتا ہے، آئین ہر شہری کو حقوق فراہم کرتا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے ججز نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ عمران خان کی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے ان کا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔