مستقبل میں پاکستان عالمی طاقتوں میں شامل ہوگا‘وزیراعظم ہنگری

88

بخارسٹ(صباح نیوز)یورپی ملک ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن نے پیش گوئی کی ہے کہ مستقبل میں پاکستان عالمی طاقتوں میں شامل ہوگا‘ ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن نے رومانیہ میں تقریب میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی نظام تبدیلی کی طرف جا رہا ہے اور عالمی نظام میں تبدیلی ایشیا سے شروع ہونے والا عمل ہے۔ان کا کہنا تھاکہ مستقبل میں عالمی طاقت مغرب سے مشرق اور روس کی طرف منتقل ہوجائے گی، اگلی کئی دہائیوں شاید صدیوں میں ایشیا دنیا کا غالب مرکز ہوگا اور چین، بھارت، پاکستان اور انڈونیشیا دنیا کی بڑی عالمی طاقتیں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سابقہ عالمی نظام کی تبدیلی بھی500برسوں پر محیط رہی ہے، مغرب کی توقعات کے برعکس اب ہرکوئی روس کی حمایت کر رہا ہے، چین، شمالی کوریا کے ساتھ اب ایران اور بھارت کے بھی روس سے اچھے تعلقات ہیں، نیٹو کا رکن ہونے کے باوجود ترکیہ بھی روس کے ساتھ ہے، مسلم دنیا بھی اب روس کو دشمن کے بجائے اتحادی سمجھتی ہے۔مغربی میڈیا کے حوالے سے ہنگری کے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ آج دنیا کا بڑا مسئلہ مغرب کی کمزوری اور ٹوٹ پھوٹ ہے جو مغربی میڈیا نہیں بتاتا، مغربی میڈیا کا دنیا کا بڑا خطرہ روس اور اس سے لاحق خطرات کو قرار دینا غلطی ہے۔