کیمبرج کا اے ایس لیول کے ریاضی کے پیپر کی مارکنگ نہ کرنے کا فیصلہ

258

لاہور: کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اے ایس لیول کا ریاضی کا لیک ہونے والا پرچہ منسوخ کر دیا ہے اور اس پر مارکنگ نہیں کی جائے گی ۔اس اعلان نے طلباء کی پریشانی میں اضافہ کردیا ہے ۔

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق طلباء کو اے ایس لیول کے ریاضی کے دوسرے پرچے میں حاصل کردہ نمبرز اور دیگر امتحانات میں کارکردگی کی بنیاد پر دیکھا جائے گا ۔

یاد رہے کہ یہ پیشرفت 2 مئی کو ہوئی ہے جب اے ایس سطح کے ریاضی کا پیپر سوشل میڈیا، خاص طور پر فیس بک پر لیک ہو گیا تھا۔

سی آئی ای نے اس پیشرفت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم 02 مئی 2024 کو اے ایس لیول کے ریاضی کے ممکنہ پیپر لیک ہونے کے بارے میں پیدا ہونے والے خدشات پر غور کر رہے ہیں۔ اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، اور کیمبرج اور برٹش کونسل قریبی رابطے میں ہیں ۔

پیپر لیک ہونے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن برطانیہ نے کہا تھا کہ طلبہ کو منصفانہ طور پر نشان زد کیا جائے گا تاکہ کسی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

اب، اسکولوں کے سربراہوں کو بھیجے گئے ایک ای میل میں، کیمبرج انتظامیہ نے کہا ہے کہ متعدد ذرائع سے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ امتحان کے آغاز سے قبل پاکستان میں طلبہ کی ایک خاصی تعداد نے مخصوص پیپر دیکھا تھا۔

کیمرج انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم ان طلباء کی اکثریت کے ساتھ انصاف کریں جنہوں نے دھوکہ نہیں دیا تاکہ دھوکہ دینے والے طلباء کو کوئی فائدہ حاصل نہ ہو اور یونیورسٹی میں درخواست دینے والے طلباء برابری کی بنیاد پر مقابلہ کر سکیں۔

مزید برآں، یہ بھی کہا گیا ہے کہ جو طلباء دوبارہ امتحان دینا چاہتے ہیں وہ امتحانی فیس ادا کیے بغیر نومبر میں دے سکتے ہیں۔

بدقسمتی سے، پاکستان میں امتحان کا لیک ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے کیونکہ متعدد مواقع ایسے ہیں جہاں میٹرک کے امتحان کے سوالیہ پرچے امتحان سے پہلے آن لائن گردش کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں ۔

اس سال مئی میں کراچی میں فزکس اور کمپیوٹر سائنس کے پرچے امتحان شروع ہونے سے چند منٹ قبل لیک ہو گئے تھے۔