جماعت اسلامی اور حکومت مذاکرات کے لیے تیار، دھرنا جاری 

231

اسلام آباد:جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی اور بجلی کے بے تحاشا بلوں کے خلاف احتجاج شروع کرنے کے ایک روز بعد حکومت اور جماعت اسلامی بالآخر مذاکرات پر آمادہ ہو گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تین رکنی کمیٹی بنانے کا حکومتی مطالبہ مان لیا ہے۔

دریں اثناء حکومت نے اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ، طارق فضل چوہدری اور امیر مقام شامل ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی حکومت کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھے گی۔

جماعت اسلامی کے کارکنان مری روڈ لیاقت باغ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جہاں جماعت اسلامی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمن پریس کانفرنس سے خطاب کر کے مزید لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

حکومت نے جمعے کے روز جماعت اسلامی کو مذاکرات کی پیش کش  کی جو بجلی کے مہنگے بلوں کے خلاف اسلام آباد اور راولپنڈی کے متعدد مقامات پر دھرنے دے رہی ہے۔

وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے جماعت اسلامی کو پیش کش کی وہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے حکومت کے ساتھ بیٹھے۔

عطاتارڑ نے کہا، “جے آئی کو صرف لیاقت باغ راولپنڈی میں اپنا جلسہ کرنے یا دھرنا دینے کی اجازت تھی لیکن اسلام آباد کی طرف بڑھنے پر اصرار سمجھ سے بالاتر ہے۔”

وقافی وزیر نے کہا کہ حکومت جماعت اسلامی کے امیر حافظ حافظ نعیم الرحمن اور ان کی ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر ان کے تحفظات سننے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جماعت اسلامی کی قیادت سے مذاکرات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں امیر مقام اور طارق فضل چوہدری اور عطا تارڑ شامل ہیں۔

اس سے قبل، جماعت اسلامی کی جانب سے بجلی کے مہنگے بلوں کے خلاف احتجاج کی کال کے بعد، ریڈ زون اور راولپنڈی سے دارالحکومت جانے والے راستوں کو بلاک کرنے کے لیے کنٹینرز رکھ دیے گئے تھے۔ راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ریڈ زون کے اہم چوراہوں بشمول ڈی چوک، نادرا چوک اور سرینا چوک کو کنٹینرز سے سیل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جماعت اسلامی اب راولپنڈی میں مری روڈ، اسلام آباد میں زیرو پوائنٹ اور چونگی نمبر 26 پر دھرنا دے رہی ہے، اسلام آباد میں زیرو پوائنٹ پر دھرنے کی قیادت حافظ نعیم الرحمن کر رہے ہیں۔