ملک میں مہنگائی تھمنے کا نام نہیں لے رہی، ایک ہفتے میں مزید 19 اشیا مہنگی

249
Commodity Price Increases in a Week

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی تھمنے کا نام نہیں لے رہی اور ایک ہفتے کے دوران مزید 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے جون میں بجٹ پیش کیے جانے کے بعد سے ملک میں مہنگائی کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ رواں ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح 0.17 فی صد بڑھی اور 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ اسی طرح 8 اشیا کی قیمتیں کم اور 24 کی  قیمتیں برقرار رہیں۔

رپورٹ کے مطابق  جاری ہفتے کے دوران چکن کی قیمت میں 4.80 فیصد، لہسن 2.01 فیصد، دال چنا 1.87 فیصد، انڈے1.71 فیصد ،بیف کی قیمت میں 0.93 فیصد اور گڑ کی قیمتوں میں 0.89فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح دال مونگ کی قیمت میں 0.84فیصد،تازہ کھلا دودھ 0.45فیصد،آگ جلانے والی  لکڑی  0.23 فیصداورسگریٹ کی قیمتوں میں 0.12فیصداضافہ ہوا۔

دوسری جانب آلو کی قیمت میں 0.17 فیصد، ٹماٹرکی قیمت میں 9.19 فیصد،پیاز2.14 ایل پی جی1.04 فیصد، کیلے 0.53 فیصد، دال مسورقیمت میں 0.16 فیصد، بریڈ کی قیمت میں 0.05 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.35 فیصد کمی ہوئی ہے۔