جماعت اسلامی کا مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

177

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ۔

 راولپنڈی میں مری روڈ پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ان شاء اللہ اتوار 28 جولائی بعد مغرب مری روڈ کو بھر دیں گے، ہم بجلی پر ریلیف لے کر اٹھیں گے اور مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو دھرنا ختم نہیں ہوگا، ملک اس کی پشت پر کھڑا ہوگا، یہ دھرنا ہر شخص کی آواز ہے، آئی پی پیز عوام کا خون نچوڑ رہی ہیں ،جو جو آئی پی پیز معاہدوں میں شامل رہی ہیں ان معاہدوں کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے، نوجوان طبقہ حکمرانوں کے رویے کی وجہ سے مایوس ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں اور خاص طور پر پنجاب کے مختلف شہروں میں حکومتی فسطائیت کا مظاہرہ اور ہزاروں کارکنان کو گرفتار اور ان کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی ہے، میں حکومت پنجاب کے رویے کی مذمت کرتا ہوں ، کارکنان کو رہا اور ان کے خلاف مقدمات ختم کیے جائیں، ہم احتجاج پورے ملک میں پھیلا دیں گے، ہمارے پاس آپشن موجود ہیں دھرنے کا رخ کسی بھی طرف کرسکتے ہیں، یہ دھرنا تاریخی انقلاب میں تبدیل ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کے نوجوانوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں جنہیں اس کے مستقبل سے مایوس کردیا گیا ہے ،آئی پی پیز اکثر حکمرانوں اور ان کے خاندان خاص طور پر شریف فیملی کی ہیں جو گنے کی پھونک سے ان پلانٹس کو چلاتے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ امپورٹ کیے ہوئے کوئلے سے پلانٹ چلاتے ہیں، ہزاروں میگا واٹ کے پلانٹس موجود ہیں جن کو جعلی طریقے سے ہم پر مسلط کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں ہے، ہم صنعتوں، تجارت کا فروغ اور تعلیم میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں، ملک کا مستقبل روشن کرنا چاہتے ہیں، اس کی صلاحیت کے مطابق اس کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں، یہ دھرنا اس مافیا کے خلاف کارروائی اور قرار واقعی سزا اور ظالمانہ کیپسٹی چارجز، فی یونٹ قیمت میں کمی، ناجائز ٹیکسوں کی بھرمار ختم کرے، صنعتوں کو چلنے دو، اپنے مراعات، مفت بجلی، پٹرول، پروٹوکول ختم کرو ۔