امریکا میں کینسر کی جعلی دوائیں بیچنے پر بھارتی باشندے کو 100 سال قید کا سامنا

387

امریکا میں ایک بھارتی باشندے کو کینسر کی جعلی دوائیں فروخت کرنے کے جام میں 100 سال قید کی سزا کا سامنا ہے۔ سنجے کمار کا تعلق مشرقی بھارت کی ریاست بہار سے ہے۔

فیڈرل ڈرگ ایجنسی کے حکام نے بتایا ہے کہ 43 سالہ سنجے کمار کینسر کی جعلی دوائیں فروخت کرنے کے دھندے میں ملوث تھا۔ ان میں کینسر امیونو تھیراپی کی دوا کیٹروڈا بھی شامل تھی۔

سنجے کمار کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں گرفتار کرنے کے بعد مقدمہ چلایا گیا۔ اُس پر پانچ الزامات ثابت ہوگئے اور ہر الزام میں 20 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ فیڈرل گرینڈ جیوری نے بتایا کہ سنجے کمار اور اُس کے ساتھیوں نے لاکھوں ڈالر مالیت کی دوائیں امریکا میں درآمد کیں۔ جعلی دواؤں کے باعث ہزاروں امریکیوں کو اپنے علاج میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سنجے کمار کو 26 جون کو امریکا آمد پر گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اپنے کاروبار کو وسعت دینے کی خاطر بات چیت کی غرض سے امریکا آیا تھا۔ خفیہ اداروں کو پہلے ہی مطلع کردیا گیا تھا۔ وہ جیسے ہی ہیوسٹن پہنچا، اہلکاروں نے اُسے حراست میں لے کر حوالات منتقل کردیا۔