پنجاب : زرعی ٹیوب ویل سولررائزیشن پروجیکٹ کی منظوری

136

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زرعی ٹیوب ویل سولررائزیشن پروجیکٹ کی منظوری دےدی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا‘ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 25 ایکڑ اراضی کے مالک کاشتکار زرعی ٹیوب ویل سولر رائزیشن پروجیکٹ کے اہل ہوں گے‘ سولر رائزیشن پروجیکٹ کے لےے کاشتکار کو صرف 33 فیصد ادائیگی کرنا ہو گی‘ زرعی ٹیوب ویل سولر رائزیشن پروجیکٹ کی67 فیصد ادائیگی حکومت کرے گی‘ پہلے مرحلے میں7 ہزار ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل کیے جائیں گے‘ وفاقی حکومت کے اشتراک سے دوسرے مرحلے میں مزید10ہزار ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل ہوں گے، ڈیزل سے ٹیوب ویل چلانے پر فی ایکڑ اخراجات 3 ہزار، بجلی سے 1500روپے خرچ ہوتے ہیں جبکہ سولر انرجی سے ایک ایکڑ کی آبپاشی پر صرف 50روپے خرچ ہوں گے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ویجیٹل فارمرزکے لیے بھی خصوصی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی۔مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹماٹر، پیاز سمیت دیگر ضروری سبزیوں کی سپلائی مینجمنٹ کا پائیدار سسٹم وضع کیا جائے، کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں گے اور ان کو سولر پینل دیں گے۔