سکھر،سیلاب متاثرین کے 3100 گھروں کی تعمیر مکمل

184

سکھر (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ کی جانب سے ضلع میں سیلاب متاثرین کے لیے زیر تعمیر 83417 گھروں میں سے 3100 گھروں کی تعمیر مکمل کرلی گئی۔ صوبائی وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ ، ترجمان حکومت سندھ و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے متاثرین میں گھروں کی چابیاں اور مالکانہ حقوق کی اسناد تقسیم کیں۔ جمعے کو روہڑی میں سیلاب متاثرین میں گھروں کی تقسیم کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں صوبائی وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ اور ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور چیئرمین ضلع کونسل سکھر نے 100 سیلاب متاثرین میں گھروں کی چابیاں اور مالکانہ حقوق کے سرٹیفکیٹ تقسیم کیے، ڈپٹی کمشنر سکھر ایم بی راجہ دھاریجو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے صوبے بھر میں 2.1 ملین گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا ہے‘ پیپلز ہاؤسنگ پروجیکٹ کی تکمیل سے سندھ کی ایک کروڑ آبادی مستفید ہو گی‘ 2 سال میں 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کا کام مکمل کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں بھی لاکھوں افراد سیلاب سے متاثر ہوئے تھے، لیکن گھروں کی تعمیر نو کا کام صرف پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 لاکھ گھرانوں کے بینک اکاؤنٹس فعال ہوچکے ہیں جن میں اقساط کی منتقلی کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے‘ کچھ کو ایک‘ کچھ کو دو‘ بعض گھرانوں کو تیسری اور چوتھی قسط بھی منتقل کی جاچکی ہے‘ وزیر اعلیٰ سندھ سمیت ہماری کوشش ہے کہ منصوبے میں شفافیت رہے تاکہ سیلاب متاثرین کو چھت مل سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سکھر میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیرات ہینڈز کررہی ہے‘ فنڈنگ سندھ حکومت‘ عالمی بینک و دیگر اداروں کے تعاون سے جاری ہے‘ گھروں کی تعمیر میں فراہمی و نکاسی آب‘ صفائی ستھرائی سمیت حفظان صحت کی سہولیات کا بھی خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔ ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سیلاب متاثرین کو گھروں کی فراہمی کا وعدہ پورا کررہی ہے‘ 2.1 ملین گھروں کی تعمیر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے‘ پیپلز ہاؤسنگ منصوبے سے نہ صرف متاثرین کو چھت میسر آئے گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں‘ مستقبل میں کسی بھی قدرتی آفت و برساتوں وغیرہ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بنیادی ڈھانچہ تشکیل دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر توانائی‘ منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ، ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے تعلقہ روہڑی میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ اسکیم کے تحت سیلاب متاثرین کے لیے بنائے جانے والے گھروں کی تعمیر کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکھر ضلع میں 83417 گھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ ہے، تعلقہ نیو سکھر اور سکھر سٹی میں 12819 گھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ ہے، تعلقہ روہڑی میں سیلاب متاثرین کے لیے 26515 گھروں کی تعمیر کی جا رہی ہے، پنو عاقل تعلقہ میں 27119 گھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے، جبکہ صالح پٹ تعلقہ میں 16954 گھر تعمیر ہو رہے ہیں۔