حکمران، سیاستدان اور ادارے ایک جگہ مذاکرات کریں، فائق شاہ

95

محراب پور (جسارت نیوز) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، بجلی کے بلوں اور قیمتوں سمیت ٹیکسوں کا ظالمانہ نظام ختم نہ کیا گیا تو شدید انتشار ہو گا، انارکی پیدا ہوئی تو ذمہ دار حکمران اور طاقتور طبقات ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران، سیاستدان اور ادارے ایک جگہ بیٹھ کر مذاکرات اور عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیاں بند کریں، جب تک مساوات، امن اور انصاف نہیں آئے گا، ترقی نہیں ہوگی، سب پاور کوریڈور رسہ کشی بند کریں اور عوام کو انصاف دیں، آوے کا آوا بگاڑنے والے دولت اور طاقت کے نشے میں گم ہیں، ڈرائنگ رومز میں بیٹھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں، عوام مہنگائی، بجلی کے بلوں اور ٹیکسوں کے بوجھ میں دبی ہوئی ہے، سفید پوش، غریب اور پسماندہ طبقات مکمل پس چکے ہیں، کسی کے پاس دو وقت کی روٹی دستیاب نہیں، کیا حکمرانوں کو نظر نہیں آتا، اقتدار اتنا پیارا ہے کہ عوام پر رولر چلا دیا گیا ہے۔ محمد فائق شاہ نے کہا کہ امن ترقی پارٹی چاروں صوبوں میں تحریک چلا رہی ہے، عوام کو بیدار اور ساتھ دے رہی ہے، اب آخری موقع اور فیصلے کا وقت ہے، اس بوسیدہ نظام کو اصلاحات کے ذریعے بدل دیں۔