امن و امان برقرار رکھنے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، کلیم ملک

104

قنبر علی خان (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی ضلع قنبر شہداد کوٹ محمد کلیم ملک نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، شہریوں کے مسائل سنے اور انہیں فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایس ایس پی محمد کلیم ملک نے کچہری میں موجود شہریوں اور پولیس افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام اور عوام کے تعاون سے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، ضلع قنبر شہداد کوٹ بھرکو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے ہر فرد کو ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے، پولیس عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے، جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ایس ایس پی محمد کلیم نے کہا کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے پولیس گشت کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، کسی کو امن وامان خراب کرنے اور شرانگیزی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، کھلی کچہریوں کا مقصد لوگوں کی جان ومال کا تحفظ کرنا جبکہ عوام اور پولیس کے مابین قائم روابط کو مضبوط بنانا ہے اور اس سلسلے میں ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے ساتھ ان کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے تمام تر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، رشوت یا بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔