وزیراعظم سے تاجک سفیر کی ملاقات‘دوطرفہ تعاون پر گفتگو

77

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف طائر نے جمعے کو وزیر اعظم ہاﺅس میں ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے تاجک سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں ان کی تعیناتی کی مدت کی کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران رواں ماہ دوشنبہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ تاجک صدر امام علی رحمن کے پرتپاک خیرمقدم سے بے حد متاثر ہوئے اور دورے کے دوران دونوں رہنماﺅں کے درمیان نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ اپنے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں/معاہدوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ ان پر بروقت عمل درآمد سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ تاجک سفیر نے وزیراعظم کو تعلیم، زراعت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور زمینی و فضائی راستوں کے ذریعے روابط کو بڑھانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔