بلدیہ عظمیٰ :او پی ایس ،دہرے چارج پر من پسند افسران کا تقررجاری

128

کراچی ( رپورٹ محمدانور ) بلدیہ عظمیٰ کراچی میں او پی ایس کی بنیاد اور دہرے چارج کے باعث تقریباً 2 درجن  سے زاید گریڈ 18 اور گریڈ 19 کے افسران اپنی تعیناتی کے منتظر ہیں۔ ان میں بیشتر افسران 6 ماہ تا2 سال سے اپنی تعیناتی کے منتظر ہیں اور بعض افسران تعیناتی کے انتظار میں ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچ چکے ہیں۔اس صورتحال کے باعث افسران میں تشویش پائی جاتی ہے ان کا کہنا ہے کہ عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ کو نوٹس لینا چاہیے کیونکہ گھر بیٹھے تنخوا لینے کی وجہ سے کے ایم سی کی مجموعی کارکردگی پر اثر پڑرہا ہے جبکہ متعدد اسامیاں خالی ہیں۔ خیال رہے کہ عدالت عظمیٰ اور ہائی کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ کسی افسر کو او پی ایس کی بنیاد اور دہرا چارج نہ دیا جائے۔ کے ایم سی کے ذرائع کا کہنا ہے ان دنوں تبادلے اور تعیناتی میں کھلی بے قاعدگی  کی جارہی ہے اور نہ صرف من پسند جونیئر  افسران کو اعلی عہدے پر تقرر کیا جارہا ہے بلکہ انہیں یکمشت دو عہدوں پر تعینات کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔حالانکہ آسامیاں بھی خالی ہے۔بلدیہ کے ذرائع کے مطابق بعض چہیتے افسران کو طویل عرصے سے دیول چارج دیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق 35 سینئر اور گریڈ 18، 19 کے افسران طویل عرصے سے اپنی تقرری کے منتظر ہیں۔ جبکہ او پی ایس کی بنیاد پر میڈیکل و ہیلتھ، فائر بریگیڈ، چارج پارکنگ، ایم یو سی ٹی، انٹی انکروچمنٹ، لینڈ، کچی آبادی، سٹی وارڈن  اور دیگر محکمہ بھی شامل ہیں۔