تیل کی قیمت کے تعین کا اختیار اوگرا کو دیا جائے

144

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے)نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے تیل کی قیمتوں کے تعین میں حکومت کا عمل دخل ختم کرنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔تیل کی قیمت کے تعین کا اختیار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بجائے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا )کے سپرد کیاجائے تاکہ یہ ادارہ پروفیشنل طریقہ سے اپنا کام اور عوام کے مفادات کا تحفظ کر سکے۔ تیل کی قیمت کے تعین کا اختیار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دینا صارفین کو بھیڑیوں سے سپرد کرنے کے مترادف ہے۔پی پی ڈی اے کے ترجمان حسن شاہ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی حکومت تیل کی قیمتوں کا تعین نہیں کرے گی توعالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافہ کے بعد ملک میں تیل مہنگا ہونے پر اسے عوامی تنقید کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑے گا۔ تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ پر بھی حکومت کو نقصان ہوتا ہیجس کا واحد حل یہ ہے کہ حکومت اس سلسلہ میں اپنا عمل دخل مکمل طور پر ختم کر دے۔ تیل کی قیمتوں کے تعین میں سیاسی حکومت کا کردار ختم ہونے کے بعد ڈالر کی قدر مین کمی بیشی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ سے اسکی ساکھ متاثر نہیں ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ اوگرا پروفیشنل طریقہ سے تیل کی قیمتوں کا تعین کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتا ہے اور پٹرولیم ڈیلرز کو اس پر کوئی اعتراض بھی نہیں ہے جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو یہ اختیار دینے کے بارے میں انکے تحفظات ہیں۔