پورٹس اینڈ شپنگ کے ریگولیٹری باڈی کے قیام کے حامی ہیں، کراچی چیمبر

130

کراچی (کامرس رپورٹر)پورٹس اینڈ شپنگ سیکٹر کے تمام اسٹیک ہولڈرز نے متفقہ طور پر خود مختار لاجسٹک سروس پرووائیڈرز ریگولیٹری اتھارٹی (ایل ایس پی آراے) کے قیام کی حمایت کی ہے جو دیگر امور کے علاوہ لیگل فریم ورک وضع کرنے، گائیڈ لائنز کا اجراء، چارجز کا فیصلہ کرنے اور پوری بندرگاہوں اور شپنگ سیکٹر کی تمام تر سرگرمیوں کی نگرانی کرنے کے لیے خاص طور پر ذمہ دار ہو گی۔کے پی ٹی ہیڈ آفس میں چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ سید سیدین رضا زیدی کی زیر نگرانی ہونے والے اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ایل ایس پی آر اے بل جو کہ 2013 سے زیر التواء ہے اس پر چیئرمین کے پی ٹی کی نگرانی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نظرثانی کی جائے گی تاکہ موجودہ تناظر کے مطابق ضروری ترامیم کی جاسکیں اور پھر اسے منظوری اور عمل درآمد کے لیے حکومت کو بھیج دیا جائے۔ اجلاس میں کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد شیخ اور چیئرمین کسٹمز اینڈ ویلیوایشن سب کمیٹی شیخ وقاص انجم کے علاوہ سشپنگ کمپنیوں کے نمائندوں، شپنگ ایجنٹس، کسٹم ایجنٹس، فریٹ فارورڈرز، ٹرمینل آپریٹرز و دیگر نے بھی شرکت کی۔کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد شیخ نے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے ایک جیسی تھی کیونکہ ان کا پختہ یقین ہے کہ ریگولیٹری باڈی کا قیام ناگزیر ہو گیا ہے۔