محض تبلیغ وتذکیرسے نہیں انقلاب قربانی طلب کرتا ہے،فرح عمران

96

کراچی( پ ر )جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی نائب ناظمہ فرح عمران نے کہا ہے کہ محض تبلیغ و تذکیر سے انقلاب نہیں آتے بلکہ یہ وقت جان اور مال کی قربانی طلب کرتے ہیں۔یہ بات انہوں نے ضلع شمالی میں علاقہ و حلقہ جات کی ذمے داران کے لیے ایک روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔فرح عمران کا کہنا تھا کہ تحریک اسلامی کے ذمے داران کی حیثیت قطب نما کی سی ہے جو درست سمت کی جانب رہنمائی کرتا ہے، کارکن کی ظاہری حالت،رویے اور اخلاق و معاملات سے اللہ کا رنگ خود بخود جھلکنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کفر کا نظام برداشت کرلیتا ہے مگر ظلم کا نہیں، اس وقت جاری ظلم کا نظام انقلاب کو آواز دے رہا ہے،اگر اسلامی انقلاب کے لیے راہ ہموار نہ کی گئی تو کوئی اور غلط نظام اس کی جگہ لے لے گا۔ اس لیے دنیا کا نظام باطل پرستوں سے چھین کر خدا پرستوں کے ہاتھ میں دینے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگانے کے لیے تیار رہیں۔اس موقع پر ناظمہ ضلع شمالی سحر سلطانہ نے کہا کہ فرماں روائی کا اختیار صرف اللہ کے پاس ہے، دیگر ساری حکمرانیاں اسی کے تابع ہونی چاہییں، ہر کارکن تحریک کی نمائندگی کرتا ہے اس لیے اپنے قول و فعل میں محتاط رہیں۔
تربیتی نشست میں تمام علاقہ جات نے حلقے کے تنظیمی ڈھانچے کے مختلف پہلوؤں کی مختصر پریزینٹیشن سے وضاحت کی۔ جن میں اہداف کا تعین اور منصوبہ بندی،توسیع دعوت میں کارکن کا انفرادی اور اجتماعی کردار،مالیات، ماڈل اجتماع کارکنان جیسے موضوعات شامل تھے۔