کارگل (صباح نیوز)بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلا ف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان نے اپنے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور وہ دہشت گردی اور پراکسی وار کے ذریعے مقابلے میں شامل رہنے کی کوشش کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کارگل کی چوٹیوں پر لڑی جانے والی لڑائی کے 25برس مکمل ہونے کے موقع پر کارگل کے ہمالیائی ریجن میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نریندر مودی نے جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے بھارتیوں کی یادگار پر حاضری دی۔مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کارگل جنگ سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ریاست کے لیے دی گئی قربانی امر ہوتی ہے۔ صدیاں گزر جاتی ہیں لیکن ریاست کی حفاظت کے لیے اپنی جان کی بازی لگانے والوں کے نام ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارگل جنگ کے وقت بھارت امن کی کوششیں کر رہا تھا۔ لیکن پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اپنا چہرہ دکھایا۔ لیکن تاریخ کے سامنے دہشت گردوں کو شکست ہوئی۔بھارتی وزیرِ اعظم نے الزام عائد کیا کہ پاکستان نے ماضی میں جتنے بھی اقدامات کیے اسے منہ کی کھانی پڑی ہے لیکن پاکستان نے اپنی تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا۔ وہ دہشت گردی کے سہارے اپنے آپ کو مضبوط کرنے کی کوشش کرتا ہے۔بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان مئی اور جولائی 1999ء کے درمیان کشمیر کے کارگل ضلع اور بعض دوسرے علاقوں میں محدود پیمانے پر جنگ لڑی گئی تھی۔ کارگل جنگ میں کی تقریب سے خطاب میں بھارتی وزیرِ اعظم نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا “آج میں اس جگہ سے بول رہا ہوں جہاں دہشت گردی کے آقاوں کو میری آواز سیدھی سنائی دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ “میں دہشت گردوں کے سرپرستوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ ان کے ناپاک منصوبے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گردوں کو ہمارے جانباز پوری طاقت سے کچلیں گے، دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔