خیبرپختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے،علی امین گنڈا پور

246

پشاور/بنوں(خبر ایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا امن جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پشتونوں کی کئی صدیوں پرانی تاریخ ہے، پاکستان کوآزاد کرانے میں پشتونوں نے بھرپورکردارادا کیا تھا، 1965ء کی جنگ میں قبائلی عوام نے حصہ ڈالا، امریکا کے غلاموں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہم نے بہت قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی وجہ سے ہم نے گھربارچھوڑا، ہمارے نام پر ڈالرلے کر کھائے گئے جس پر ہمیں تحفظات ہیں، ہمارے آباؤاجداد نے ہمیں قربانی دینا سکھائی، ہم اپنے فیصلے خود کریں گے کوئی اور نہیں کرے گا۔علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بنوں میں افسوس ناک واقعہ ہوا، بنوں کے لوگوں نے تعاون کرکے مزید نقصان سے بچایا، اس ملک کے لیے خون دیں گے مگر اپنے فیصلے خود کریں گے، ہمارے اندر اور باہر ایسے عناصر موجود ہیں جو حقائق کو توڑمروڑ کر پیش کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ مدارس کے بچے ہمارے بہت قریب ہے، جیسا بنوں کے عوام چاہیں گے بالکل ویسا ہی کریں گے، ہم نے بجٹ میں مدارس کے بچوں کے لیے بھی فنڈ رکھا ہے۔انہوں نے پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مسلح گروہ مجھے پختونخوا میں نظرنہ آئے، پولیس اپنا کام کرے،عوام تمہارے ساتھ ہیں، یہ میرے عوام ہیں ان کی عزت میری عزت ہے، کرپشن کرنیوالے اور منشیات فروش کو نہیں چھوڑیں گے، پولیس دہشت گردوں کیخلاف ڈٹ کرکارروائیاں جاری رکھے، اپنی اصلاح کر لو جو اصلاح نہیں کرے گا سزا کے لیے تیاررہے۔علی امین گنڈا پور کامزید کہنا تھا کہ ہمیں کسی شخص سے تواختلاف ہوسکتا ہے، شہید کے بارے میں غلط بات ہوتی ہے تودل دکھتا ہے، ہم سب نے شہدا کے لواحقین کا ساتھ دینا ہے۔