پی این ایس حنین پاک بحریہ کے حوالے، فوجی قوت و استعداد کار میں بہترین اضافہ

262
Yarmouk-class third ship PNS Hunain

اسلام آباد: رومانیہ میں تیسرا آف شور پیٹرول ویسل پی این ایس حنین پاک بحریہ کے حوالے کردیا گیا۔ اس کی شمولیت پاک بحریہ کی قوت و استعداد کار میں بہترین اضافہ ہے۔

پی این ایس حنین کی کمیشننگ تقریب رومانیہ کی بندرگاہ کونسٹانٹا میں منعقد کی گئی جس میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف پی این ایس حنین کی کمیشننگ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

پی این ایس حنین پاک بحریہ کے لئے ڈامن کی جانب سے گالاتی شپ یارڈ میں تیار کیا جانے والا تیسرا یرموک کلاس جہاز ہے، یرموک کلاس کے پہلے 2 جہازوں کے مقابلے میں آخری دو او پی ویز 2600 ٹن ڈسپلیسمنٹ کے حامل ہیں۔یرموک کلاس جہازوں کو ان کی بے مثال خوبیوں کی بدولت پاکستان نیوی میں گائیڈڈ میزائل کورویٹس کا درجہ حاصل ہے۔

یرموک کلاس کے تمام جہاز سطح اور فضا میں جنگ کے ساتھ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لئے بھی موزوں ہیں، 98 میٹر طویل پی این ایس حنین کی رفتار 24 ناٹس کے لگ بھگ ہے۔ ورٹیکل لانچنگ سسٹم کی مدد سے پی این ایس یمامہ سطح سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل داغ سکتا ہے جب کہ 76 ایم ایم مین گن کے ساتھ پی این ایس حنین پر 20 ایم ایم کی دو سیکنڈر گنز بھی نصب ہیں

چاروں جہازوں کو اسلامی تاریخ کی اہم جنگوں سے منسوب کیا گیا ہے، پی این ایس یرموک اور تبوک کے بعد پی این ایس حنین بھی پاک بحریہ کی قوت و استعداد کار میں بہترین اضافہ ہے۔یرموک کلاس کا چوتھا اور آخری جہاز پی این ایس یمامہ رواں برس فروری میں لانچنگ کے بعد تکمیل کے مراحل سے گزر رہا ہے۔