لاہور: سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے بھوک ہڑتال کیمپ پر تنقید کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی بھوک ہڑتال کو ’’ڈائٹ پلان‘‘ قرار دے دیا۔
اپنے بیان میں سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 25 کروڑ عوام کو بھوک میں مبتلا کرنے والے کے لیے 4 گھنٹے ہی بھوکا رہا جا سکتا ہے ، دوپہر کا کھانا کھا کر رات کے کھانے سے پہلے ختم ہونے والی بھوک ہڑتال ڈھونگ اور مذاق ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قومی تنصیبات، شہداء کی بے حرمتی، قائداعظم کا گھر جلانے، پولیس اور رینجرز کے سر پھاڑنے کا اعتراف کرنے والے سزا والا سزا کا مستحق ہے ، 9 مئی کے مجرم کے لیے ’’انٹر مٹنٹ فاسٹنگ‘‘ ہو رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دوپہر تین بجے شروع ہونے والی بھوک ہڑتال شام سات بجے تک اختتام پذیر ہونے والا ڈائٹ پلان ہے ، 9 مئی کے مجرم کے لیے 4 گھنٹے ہی بھوکا رہا جا سکتا ہے۔