فرانس میں اولمپک تقریب سے پہلے ریلوے اسٹیشن پر حملے سے کھلبلی مچ  گئی

141

پیرس: فرانس میں اولمپک کی تقریب سے پہلے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے ایک حملے سے کھلبلی  مچ گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں  کے مطابق اولمپک گیمز کی فرانس میں افتتاحی تقریب کے موقع پر ہزاروں فوجی اور پولیس اہل کار حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں اور اسی دوران ریلوے اسٹیشن پر ایک حملے نے حکام میں کھلبلی مچا دی ہے۔

حکام کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے لِل، بورڈو  اسٹراسبرگ جیسے شہروں کے درمیان چلنے والی تیز رفتار ٹرین  کے ٹریک سے  جڑے ہوئے سگنل باکسز کو نقصان پہنچایا گیا۔ تخریب کاروں نے اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کی، توڑ پھوڑ کی اور آگ لگانے کی کوشش کی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔

فرانسیسی ریلوے حکام نے وضاحت میں بتایا کہ شرپسندوں کے حملے کے فوراً بعد بروقت کارروائی کرکے دارالحکومت پیرس کی مارسیل لائن پر ایک اور حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ سگنل باکسز کی خرابی سے کئی ٹرینیں آپس میں ٹکرا سکتی ہیں۔ حکام کی جانب سے مسافروں سے سفر ملتوی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کئی ٹرینوں کو واپس بھیج دیا گیا، جس سے لاکھوں مسافر متاثر ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کے مرمتی کام کو مکمل ہونے میں کچھ دن لگیں گے۔