آرٹیفیشل انٹیلیجنس اب مستقبل نہیں بلکہ موجودہ حقیقت ہے، احسن اقبال

315
Artificial intelligence is not the future

اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس اب مستقبل نہیں بلکہ موجودہ حقیقت ہے،پاکستان دنیا میں آئی ٹی اور انفارمیشن پاور بن کر ابھرے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2017 میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا قومی سینٹر قائم کیا، 2023 میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی قومی ٹاسک فورس قائم کی۔ہم نے وڑن 2025 کے تحت جدید ٹیکنالوجیز کے نیشنل سینٹر فار ایکسی لینس بنائے اور ہر سنٹر کو آٹھ دس یونیورسٹیوں کے انجینئرنگ لیب سے منسلک کیا۔یہ سینٹرز وقت پر نہ قائم ہوئے ہوتے تو ہم بہت پیچھے رہ جاتے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ اے آئی ٹاسک فورس ایک ماہ میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرے، اگست میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی حتمی پالیسی کابینہ کو منظوری کے لئے پیش کی جائے گی۔ پاکستان میں پالیسییوں کا تسلسل برقرار نہ رہنے کی وجہ سے ہمیشہ ترقیاتی پالیسیوں میں رکاوٹ پیش آتی ہے، ایک سازش کے تحت قوم کی خود اعتمادی کو ختم کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کو چور اور ڈاکو بنا کے پیش کیا گیا جبکہ پاکستانی قوم کی پہچان اسکی ذہانت اور محنت ہے۔ سی پیک 2013 میں شروع کیا تو دھرنے بھی شروع ہو گئے۔سی پیک کے راستوں میں روڑے اٹکانے کے باوجود ملک میں 25 ارب ڈالر کی انوسٹمنٹ پاکستان میں آئی۔