نواب شاہ (پ ر) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر کی زیر صدارت ڈویژنل انفورسمنٹ کمیٹی برائے بجلی چوری روک تھام کا جائزہ اجلاس کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید محمد سجاد حیدر نے کہا کہ لمبے عرصے سے بجلی کے بل جمع نہ کرانے اور بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف فوری ایف آئی آرز درج کرائی جائیں، جبکہ بجلی بلوں کی وصولی کے کام کو بھی مزید تیز کیا جائے۔ کمشنر نے حیسکو اور سیپکو کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈیفالٹرز اور بجلی چوری میں ملوث تمام افراد کے خلاف شام تک ایف آئی آرز درج کرواکر رپورٹ کمشنر آفس میں جمع کرائی جائے، جبکہ ڈیش بورڈ کو بھی روزانہ کی بنیاد پر اپڈیٹ اور ہائی لاسز فیڈرز کی تفصیل فراہم کی جائے۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس شہید بینظیرآباد پرویز احمد چانڈیو نے کہا کہ حیسکو اور سیپکو کی جانب سے بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کے لیے درخواست دی گئی تھی جس پر پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے حیسکو اور سیپکو کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جارہا ہے۔