اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کے خلاف پرویز خٹک کے بیان میں تصحیح کی درخواست مسترد کردی گئی۔اطلاعات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد نے پرویز خٹک کی درخواست خارج کردی، یہ فیصلہ احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے جاری کیا۔عدالت نے کہا کہ پرویز خٹک کے20 جولائی کو دیے گئے بیان میں تصحیح کی درخواست مسترد کی جاتی ہے، پرویز خٹک نے20 جولائی کو بیان دیا اور 22 جولائی کو تصحیح کی درخواست دے دی۔پرویز خٹک نے کہا تھا کہ کابینہ میٹنگ میں اس وقت کے وزیراعظم کے اصرار پر بند لفافے میں ایجنڈا منظور کیا گیا میں اپنے بیان میں یہ تصحیح شامل کرنا چاہتا ہوں۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے عدالت کے روبروبیان دیاتھا کہ 2019میں کابینہ میں مشیر احتساب شہزاد اکبر نے بریفنگ دی کہ برطانوی اور پاکستانی حکومت کے مابین معاہدہ ہوا ہے جس میں برطانیہ میں پکڑی گئی غیر قانونی رقم کو پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، غیر قانونی طور پرمنتقل کیے گئے190ملین پاؤنڈ پاکستان کو واپس کیے جائیں گے۔پرویز خٹک نے کہاتھا کہ شہزاد اکبر نے کابینہ کیسامنے ایک بند لفافہ پیش کیا اور بتایا لفافے میں معاہدہ کی دستاویز موجود ہے، مجھ سمیت کابینہ کے دیگر اراکین نے اعتراض کیا کہ بند لفافے میں موجود معاہدے کے مندرجات سے آگاہ کیا جائے، تو شہزاد اکبر نے بتایا کہ معاہدہ خفیہ ہے،جس پر کابینہ کے اراکین خاموش ہو گئے۔پرویز خٹک کابیان تھا کہ شہزاد اکبر نے بند لفافے کو اضافی ایجنڈے کے طور پر کابینہ میں پیش کیا اور سابق وزیراعظم نے اضافی ایجنڈے کی کابینہ سے باقاعدہ منظوری بھی لی۔