نیب ترمیمی آرڈیننس 2024ء اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

71

اسلام آباد (آن لائن) نیب ترمیمی آرڈیننس2024ء اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے درخواست دائر کردی۔ شہری نے وکیل اظہر صدیق کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، درخواست میں سیکرٹری کابینہ، صدر مملکت، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی کو فریق بنایا ہے۔ انہوں نے درخواست میں موقف اپنایا کہ نئے ترمیمی آرڈیننس میں ریمانڈ کا دورانیہ14 سے بڑھا کر40 دن کردیا گیا، نئے ترمیمی آرڈیننس میں بدنیتی پر مقدمہ بنانے والے افسر کی سزا5 سے گھٹا کر 2 سال کردی گئی، پی ڈی ایم نیب قوانین میں3 بار ترامیم کر چکی ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ اب یہ نیا ترمیمی آرڈیننس آگیا ہے، جسے پارلیمنٹ میں بھی پیش نہیں کیا گیا،14 دن سے زائد ریمانڈ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بدنیتی پر مبنی جھوٹا مقدمہ بنانے والے افسر کی سزا صرف 2 سال کیوں؟ نیب ریفرنسز کے ملزمان 14، 14 سال سزائیں بھگتتے ہیں، یہ ایک ظالمانہ قانون ہے، ترمیمی آرڈیننس کو فوری طور پر واپس لینا چاہیے، چیف جسٹس نے قرار دیا تھا کہ آرڈیننس کے ذریعے ایک شخص کی رائے پوری قوم پر مسلط کردی جاتی ہے۔