فرانسیسی دارلحکومت اپنی تاریخ میں تیسری مرتبہ دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تیار ہیں

255

پیرس اولمپکس گیمز آج سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شروع ہوں گے جو 11اگست تک جاری رہیں گے۔ فرانسیسی دارالحکومت اپنی تاریخ میں تیسری مرتبہ دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تیارہے۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے پیرس اولمپکس گیمز کا آغاز ہوگا جس کی تیاری مکمل کرلی گئی۔پیرس اولمپکس گیمز میں32کھیلوں کے329ایونٹس ہوں گے جن میں دنیا سے تقریبا ساڑھے10ہزار ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔ پیرس اولمپکس میں شرکت کرنے والے کئی ایتھلیٹس نے اولمپک گیمز کے دوران متوقع ہیٹ ویو پر خدشات کا اظہار کیا ہے ۔ورلڈ ایتھلیٹکس کے صدر سیباسٹین کو نے کہا کہ اولمپک گیمز کے دوران زیادہ درجہ حرارت ایتھلیٹس کے لئے نیند میں خلل سے لے کر تنائو اور زخمی ہونے تک کے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔اس کے علاوہ گرمی کی شدت عوام کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز کے موقع پر لاکھوں شائقین پیرس میں جمع ہوں گے۔ ایتھلیٹس کے خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے پیرس اولمپکس 2024کی آرگنائزنگ کمیٹی نے اہم سہولیات اور مقامات میں جس میںمین پریس سینٹر، انٹرنیشنل براڈکاسٹ سینٹر اور اولمپک ولیج شامل ہیں 14,000سے زیادہ رہائشیوں کی جو جگہ بنائی گئی ہے جن میں ایتھلیٹس، کوچز، معاون عملہ اور اہلکار رہیں گے جبکہ دیگر مقامات کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچا دیا گیا ہے۔پیرس اولمپکس 2024کی آرگنائزنگ کمیٹی کے مین آپریشن سینٹرنے اپریل کے وسط سے ہی کام شروع کر دیا تھا ۔پیرس کے اہم مقامات جیسے کنکورڈ اور ٹروکاڈرو پبلک اسکوائرز، انویلائیڈز یادگار اور ایفل ٹاور پر عارضی سہولیات کی تعمیر مکمل کرلی گئی۔ ان کاموں میں باسکٹ بال، سکیٹ بورڈنگ،بی ایم ایکس اور بریک ڈانسنگ جیسے ایونٹس کے لیے 37,000تماشائیوں کی گنجائش کے لیے عارضی گرائونڈ اسٹینڈز شامل ہیں۔ حکام نے شہر کے بڑے حصوں کو پیدل چلنے والوں کے لیے دوستانہ بنانے کے لیے راستے بھی بنائے ہیں۔مقابلوں کی جگہ پر کوالیفائنگ شیڈول کا کام مکمل ہو چکا جو 8000سے زیادہ اتھلیٹس کی نمائندگی کر ے گا۔دوسری طرف پیرس اولمپکس 2024کے لیے 80لاکھ سے زیادہ ٹکٹس فروخت ہو چکے جو پہلے ہی اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ یہ اب تک کے بہترین کھیلوں میں سے ایک ہو گا۔ یہ بھی شائقین کے لئے حیرت کن بات ہے کہ ممکنہ خطرات کے خدشات کے باعث فرانسیسی حکومت نے آج ہونے والی اولمپک کی افتتاحی تقریب کے لیے تماشائیوں کی تعداد کو آدھا کر دیا ہے۔
حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حکومت تقریبا 20ہزارفوجیوں اور40ہزارسے زیادہ پولیس افسران کو تعینات کیا گیا ہے جن میں دوسرے ممالک کے 2ہزارفوجیوں اور پولیس افسران کی اضافی مدد حاصل کی گئی ہے۔ پیرس پولیس کے سربراہ لارینٹ نونیز کا کہنا ہے کہ گیمز کے دوران تقریبا 30ہزارپولیس افسران اور مسلح افواج کے18ہزار افسران روزانہ متحرک رہیںگے،منتظمین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حفاظتی اقدامات شرکااور تماشائیوں کی حفاظت کی ضمانت دیں گے۔واضح رہے کہ پیرس اولمپکس گیمز 11اگست کو اختتام پذیر ہوں گے۔پیرس کو 13ستمبر 2017کو پیرو کے دارالحکومت لیما میں 131ویں آئی او سی اجلاس میں میزبان شہر کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔