قوم انتخابات کے لیے تیار رہے، عمر ایوب نے عمران خان کا پیغام دیدیا

135

اسلام آباد:قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ قوم انتخابات کے لیے تیار رہے۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے دیگر رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بانی چیئرمین کے ساتھ ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی،  انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام ایک پیغام بھی دیا ہے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ حکومت اور شہباز شریف پی ٹی آئی اور فوج کو آمنے سامنے لانا چاہ رہے ہیں جب کہ ملک کے 90 فی صد عوام پی ٹی آئی کا ساتھ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے دن کی کور کمانڈرز ہاؤس، جی ایچ کیو  میں ہونے والے احتجاج کے علاوہ 14 مارچ کے زمان پارک میں دھاوےکی فوٹیجز غائب کی گئی ہیں۔ اسی طرح 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس کی فوٹیجز بھی غائب ہیں، اور اس کے لیے عمران خان عدالتوں سے رجوع کررہے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے ہمارے جلسے کا این او سی کینسل کردیا ہے، تاہم پی ٹی آئی کے تحت 5 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ ہوگا اور خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اس جلسے کی قیادت کریں گے۔  انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کڑے وقت میں پارٹی کا ساتھ دینے والی خواتین کو مخصوص نشستیں دینے کی ہدایت کی ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ بانی چیئرمین کا پیغام ہے کہ قوم انتخابات کی تیاری کرے،  ملک میں نئے الیکشن ہوں گے تب ہی ملک ترقی کی پٹڑی پر چڑھے گا۔