دبئی میں کرایہ دیے بغیر بس کا سفر کرنے والوں کو پکڑنے کیلئے جدید نظام لانے کی تیاری

320

کرایہ ادا کیے بغیر بسوں میں سفر کرنے کے حوالے سے ہم یعنی پاکستانی بدنام ہیں۔ یہ “نیک کام” دنیا بھر میں ہوتا ہے۔ دبئی جیسے غیر معمولی ترقی یافتہ اور سہولتوں سے آراستہ شہر میں بھی لوگ بسوں میں کرایہ ادا کیے بغیر سفر کرتے ہیں اور اِس پر فخر بھی کرتے ہیں۔

روزنامہ خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اب کرایہ دیے بغیر سفر کرنے والوں کو پکڑنے اور ان پر جرمانہ عائد کرنے کے لیے جدید ترین نظام متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

پیسنجر کاؤنٹنگ سسٹم (پی سی ایس) کے ذریعے کسی بھی بس میں چڑھنے اور اترنے والوں کی گنتی ہوگی اور اس گنتی کی بنیاد پر وصولی کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ جدید نطام 636 نئی بسوں میں نصب کیا جائے گا جو رواں سال اور آئندہ سال دبئی کی سڑکوں پر دکھائی دیں گی۔ اس وقت دبئی کا پبلک ٹرانسپورٹ نظام 1500 سے زائد بسوں پر مشتمل ہے۔ یہ بسیں شہر کی 82 فیصد آبادیاں کور کرتی ہیں۔

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے 40 الیکٹرک اور 146 ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم سے مستفید ہوسکیں۔ اس وقت پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی ڈیڑھ ہزار بسوں سے یومیہ 3 لاکھ 70 ہزار افراد سفر کرتے ہیں۔