ایپل کی میپ ایپلی کیشن ویب صارفین کیلیے بھی دستیاب

282

سان فرانسسکو: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے میپ ایپلی کیشن کو اب ویب صارفین کے لیے بھی دستیاب کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایپل کو اپنی آئی او ایس کی حامل ڈیوائسز کے لیے بنائے گئے ایپل میپس کو ویب ورژن تک پہنچانے میں 12 سال کا وقت لگا اور بالآخر کمپنی کی جانب سے اب اس کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے، جس میں ایپل نے بتایا کہ میپس کو ابتدائی طور پر بیٹا ورژن میں شامل کیا گیا ہے۔

اس پیش رفت کے بعد صارفین میپس کے لیے اپنی ڈیوائس کے علاوہ اب ونڈوز یا میک کمپیوٹرز کو بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے وضاحت کی گئی ہے کہ ویب ورژن کو سفاری، کروم اور ایج براؤزر پر بھی استعمال کیا جا سکے گا۔

کمپنی نے بتایا ہے کہ ویب پر ایپل میپس کو استعمال کرنے والے صارفین اسے ویسا ہی پائیں گے جیسا تجربہ وہ اپنی ڈیوائس پر کرتے ہیں۔ یہاں پر ڈرائیونگ کے علاوہ واکنگ ڈائریکشنز کا بھی پتا لگا سکیں گے۔جلد ہی اس فیچر کو دنیا کے دیگر خطوں میں بھی ریلیز کردیا جائے گا۔