بلاول کامیانمار میں 3 پاکستانی نوجوانوں کے مبینہ اغوا کا نوٹس

80

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے میانمار میں 3 پاکستانی نوجوانوں کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ان کی بازیابی اور وطن واپسی کے لیے اقدامات کریں۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے زور دیا ہے کہ دفتر خارجہ حیدرآباد کے 3 لڑکوں کاشف حسین، فراز خان اور شہروز خان کی تلاش اور بازیابی کے لیے سفارت کار چینلز کو بروئے کار لائے۔ مذکورہ نوجوان تھائی لینڈ گئے تھے، جہاں سے انہیں مبینہ طور پر میانمار لے جایا گیا تھا اور یرغمال بنایا گیا تھا۔ چیئرمین بلاول زرداری نے مغوی نوجوانوں کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان پیپلز پارٹی مذکورہ مغویوں کی بازیابی کے لیے تمام متعلقہ فورمز پر آواز اٹھائے گی۔