ـ33ویں اولمپکس کی افتتاحی تقریب کل ہوگی، 2لاکھ سے زائد افراد شریک ہونگے

449

پیرس / لندن(رپورٹ:عاصم علی قادری) جمعہ (کل) سے شروع ہونے والے اولمپکس گیمز دنیائے کھیل کو اپنے سحر میں لینے کے لئے تیار ہیں۔ اس سلسلے میں دنیا کے مختلف ملکوں کی سیر کرنے کے بعد اولمپک مشعل ایلفی ٹاور کے سامنے اپنی رعنائیوں کے ساتھ واپس فرانس کے دارلحکومت پیرس پہنچ گئی جہاں آرگنائزنگ کمیٹی نے کل کی افتتاحی تقریب کے لئے بہت سے اہم اقدامات کئے ہیں ۔ 206 ممالک سے 10714 کھلاڑی 32 اسپورٹس کے 329 مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ پیرس میں یہ اولمپکس مقابلے تیسری مرتبہ منعقد ہو رہے ہیں.اس سے قبل 1900 اور 1924 میں بھی اولمپکس مقابلے منعقد ہوئے تھے۔اس سال یہ مقابلے 100سال بعد دوبارہ پیرس میں منعقد ہو رہے ہیں۔ اختتامی تقریب 11 اگست ہوگی۔ پیرس اولمپکس 2024 اولمپک گیمز کا 33 واں ایڈیشن ہے۔ اولمپک گیمز کی تاریخ میں افتتاحی تقریب پہلی مرتبہ منفرد انداز میں منعقد ہوگی جو اسٹیڈیم سے باہر ہے۔ .پیرس اولمپکس 2024 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے اتھلیٹس 94 کشتیوں کے قافلے کی صورت میں سوار ہوکر 6کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے دریائے سین کے مقام پر پہنچیں گے۔ پریڈ پیرس کے تاریخی مقامات NOTRE DAME چرچ اور لوور میوزیم سے گذرتا ہو ئے ایفل ٹاور کے قریب TROCADERO کے مقام پر واقع LENA BRIDGE پر ختم ہوگی۔ اس خوبصورت پریڈ کو دیکھنے کے لئے دریا کے دونوں جانب شائقین لطف اندوز ہوں گے2ولاکھ 20 ہزار افراد کو مفت ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔ پیرس کے 80 مختلف علاقوں میں قداور اسکرین نصب کی گئی ہیں تاکہ عوام افتتاحی تقریب براہ راست دیکھ سکیں ۔ عالمی سطح پر بھی ٹی وی، ریڈیو اور دیگر میڈیا سے 1.5 بلین افراد براہ راست افتتاحی تقریب سے لطف اندوز ہوں گے۔ پریڈ کے اختتام پر اولمپک مشعل روشن کی جائے گی اور سرکاری طور پر کھیلوں کے افتتاح کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ فرانسیسی دارالحکومت اپنی تاریخ میں تیسری مرتبہ دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے مصروف ہے۔پیرس اولمپکس گیمزکی رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج ہو گی جو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے10 بجے) شروع ہوگی۔پیرس اولمپکس کے منتظمین کا دعوی ہے کہ اس مرتبہ عالمی کھیلوں کی افتتاحی تقریب ایک بے مثال تقریب ہو گی ۔افتتاحی تقریب کا دورانیہ 4 گھنٹے سے کچھ کم ہو گا اور اس کا اختتام پیرس میں غروبِ آفتاب کے ساتھ ہی ہو گا۔ پیرس میں کل شام کے لیے بہتر موسم کی پیشن گوئی کی گئی ہے اور موسمی اعتبار سے تقریب کے متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے۔پہلی مرتبہ پیرس اولمپکس گیمز کی افتتاحی تقریب کسی اسٹیڈیم میں نہیں بلکہ فرانس کے دارالحکومت پیرس کا مشہور دریائے سین کے ساتھ 6 کلومیٹر طویل راستے پر منعقد ہو گی،یہ فاصلہ آسٹرلٹز پل سے شروع ہو کر ایفل ٹاور کے زیرِ سایہ ٹروکیڈیرو میں باغات، فواروں اور محلات کے درمیان ختم ہوگا۔اولمپک پریڈ میں تقریبا 100 کشتیاں شامل ہوں گی جن پر10 ہزار سے زیادہ ایتھلیٹس کے علاوہ اہم عالمی شخصیات سوار ہوں گی اور یہ کشتیاں پیرس کے مشہور مقامات بشمول نوٹری ڈیم کیتھیڈرل اور پونٹ نیوف کے قریب سے گزریں گی۔کشتیاں پریڈ میں شامل کھلاڑیوں کو لے جانے میں استعمال کی جائیں گی۔ اس تقریب میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون ان عالمی کھیلوں کا باضابطہ افتتاح کریں گے جبکہ اولمپک مشعل بھی روشن کی جائے گی۔اس تقریب کا نظارہ کرنے کے لیے جہاں ہزاروں افراد دریا کے کنارے جمع ہوں گے وہیں دنیا میں کروڑوں افراد اسے اپنی ٹی وی ا سکرینز پر بھی دیکھ سکیں گے۔پیرس اولمپکس گیمز کی انتظامیہ کے مطابق کھیلوں کے سب سے بڑے میلے کو سجانے کے لئے بھرپور تیاریاں تقریبا مکمل ہوچکی ہیں ۔ پیرس اولمپکس گیمز میں32 کھیلوں کے329 ایونٹس ہوں گے جن میں دنیا سے تقریبا ساڑھے10 ہزار ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔