امریکی سفیر جلد عمران خان سے ملاقات کرینگے، کانگرس مین بریڈ شرمن

225

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی کانگریس کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سینئر رکن بریڈ شرمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم جلد تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے جیل میں ملاقات کے لیے جائیں گے، کانگرس مین بریڈ شرمن نے’’ وائس آف امریکا‘‘ سے انٹرویو میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفیر ونلڈ بلوم جلد تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے لیے جائیں گے یہ اس بات کا اظہار ہو گا کہ امریکاایسے فرد کے لیے بھی قانون کی حکمرانی دیکھنا چاہتا ہے جو امریکا کا حامی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کا اظہار ہو گا کہ امریکا قانون کی حکمرانی دیکھنا چاہتا ہے اور یہ کہ جیل میں کسی کا ماورائے عدالت قتل پاکستان کی جمہوریت پر ایک حقیقی داغ ہو گا اس سے دنیا کو یہ پیغام بھی جائے گا کہ ہم ایک ایسے ملک میں بھی جمہوریت چاہتے ہیں جس کے ساتھ بعض اوقات معاملات کرنا مشکل ہوتا ہے، کانگریس مین شرمین نے پاکستان میں انسانی حقوق اور رول آف لا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ پاکستان میں ہندئوں اور کرسچئن لڑکیوں کے ساتھ سلوک کو دیکھیں بالخصوص سندھ کے اندر یا آپ پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ لوگوں کی گرفتاریوں کو دیکھیں، یا آپ یہ دیکھیں کہ بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کوبغیر انتخابی نشان کے الیکشن میں حصہ لینے پر مجبور کیا گیا ہم وہاں شفافیت دیکھنا چاہیں گے۔