اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو مخصوص ٹولے نے ملک میں غدر مچایا‘ پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ سے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر اور ان کے خاندان کے خلاف جو باتیں کی جا رہی ہیں‘ مادر وطن اور افواج پاکستان کے خلاف کسی طور پر بھی ہم ایسا کوئی اقدام برداشت نہیں کریں گے‘ ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی طور پیچھے نہیں ہٹیں گے‘ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وفاقی کابینہ نئی ویزا پالیسی کی متعلق منظوری دے گی‘ غزہ میں اسرائیلی مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں انسانیت سوز ظلم ڈھا رہا ہے‘ 40 ہزار سے زاید فلسطینی شہید ہو چکے‘ ان مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے‘ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف سیکورٹی کونسل اور ا قوام متحدہ نے قراردادیں منظور کیں‘ عالمی عدالت انصاف نے بھی غزہ پر اسرائیلی حملے روکنے کا حکم دیا لیکن اسرائیل کے کان پر جون تک نہیں رینگتی ‘ پاکستان نے مختلف عالمی فورمز پر اسرائیل کے خلاف آواز اٹھائی ، اس کے بدلے میں پاکستانی سفارتحانوں پر حملے ہوئے‘ جرمنی اور لندن میں پاکستانی سفارتخانوں پر حملے افسوسنا ک ہیں ‘ اپنے سفارتخانوں کی حفاظت یقینی بنانا ہمارا فرض ہے اسی وجہ سے د فتر خارجہ نے ان حملوں کے خلاف فوری ایکشن لیا ان ممالک کے سفرا کو بلا کر احتجاج ریکارڈ کرایا‘ ان ممالک کے سفیروں کا ڈی مارش ہونا چاہیے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا حالیہ عرصے میں دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے‘ کے پی کے اور بلوچستان میں ہمارے فوج اور پولیس کے نوجوان دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہوئے جو کہ افسوسناک ہے‘ ہمیں دہشت گردی اور مہنگائی کے بد ترین چیلنجز کا سامنا ہے‘ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کے بعد جو شرائط لاگو کیں ان سے عوامی مشکلات کا بھر پور احساس ہے ہم دن رات ایک کر کے عوام کی ان مشکلات کو دور کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغان بہن بھائیوں کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑے ہوئے ان کی ہر ممکن معاونت کی‘ اس کا بدلہ آج ہمارے ملک کے امن وامان کو تباہ کرنے کی صورت میں ملا ہے ‘ ہم ہمسایوں کے ساتھ امن کے ساتھ تمام معاملات حل کرنے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جس ٹولے نے ملک کی جڑیں ہلانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی‘ حساس تنصیبات پر حملے ہوئے مسلح جتھوں نے پی ٹی وی کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا‘ آج وہی ٹولہ افواج پاکستان، سپہ سالار اور ملکی اداروں کے خلاف نئی چالوں سے بر سر پیکار ہے‘ ہم اپنے معصوم لوگوں اور افواج کے خلاف ایسا پروپیگنڈا ہر گز برداشت نہیں کریں گے ‘ اسی طرح مخصوص ٹولے نے 9 مئی کو اس ملک میں غدر مچایا تھا، سب کو علم ہے کہ پارلیمنٹ، ٹی وی اسٹیشن، وزیراعظم ہاؤس کے اردگرد انہوں نے ہی حملہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ سے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر اور ان کے خاندان کے خلاف جو باتیں کی جارہی ہیں، اس طرح کے دلخراش مناظر پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے، ہمیں اس لمحے کا پوری طرح احساس کرنا ہوگا اور ان کے خلاف کارروائی کرنا ہو گی ۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی پر پابندی اور 3 رہنماؤں پر آرٹیکل 6 کے نفاذ کا معاملہ وفاقی کابینہ میں زیر غور نہ لایا جا سکا، وفاقی حکومت نے اتحادیوں خصوصاً پیپلز پارٹی سے مشاورت کے لیے معاملہ موخر کر دیا، کابینہ نے 126 ممالک کے سرمایہ کاروں، کاروباری افراد اور باشندوں کے لیے ویزا فری انٹری کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے ایس ای سی پی ایکٹ 1997ء کے تحت خصوصی عدالتوں کے قیام کی اجازت دے دی۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن بورڈ کے اراکین کی تعداد میں اضافے، متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری پر دوست ممالک کے سرمایہ کاروں اور شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کی منظوری دے دی۔