ملک کیساتھ خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، سیاست کو گند سے پاک کرنا ہوگا، مریم اورنگزیب

228
environment

لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر اور ن لیگ کی مرکزی ترجمان  مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک کیساتھ خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، سیاست کو گند سے پاک کرنا پڑے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ مجرم کو قانونی لاڈلہ نہیں بنایا جاسکتا، بانی پی ٹی آئی کے اعتراف کے باوجود سزا میں سستی کی جارہی ہے، اعتراف کرنے والے کو سزا سنائی جانی چاہیئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ریاست پر حملہ کیا اور آج بھی حملہ آور ہیں، انہوں نے منصوبہ بندی سے ریاست پر حملہ کیا، ملک کے ساتھ خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، سیاست کو گند سے پاک کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں لائن لگا کر ایک کلو چینی ملتی تھی، ملک کو تباہ کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو خط لکھے گئے، زمان پارک دہشت گردی کا اڈا بنا ہوا تھا۔

سینئر وزیر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرول بم بنانے کی تربیت دی جاتی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ ملک کے 3 ٹکڑے ہوں گے، موصوف کہتے ہیں مجھے ہاتھ لگایا تو چھوڑوں گا نہیں۔ میں تاریخی واقعات دہرارہی ہوں، وہ شخص مسلسل ریاست پر حملہ آور ہے، ہم نے 200 پیشیاں بھگتیں، آگ نہیں لگائی، حملے نہیں کیے، مجھے پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت کہتے ہوئے افسوس ہوتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ موصوف نے 190 ملین پاؤنڈ کا بھی اعتراف کیا ہے، پہلے سائفر لہرایا پھر کہا کہ کاغذ کا ٹکڑا تھا، کہتے ہیں میری گھڑی میری مرضی، ہم پر ڈیجیٹل دہشت گردی ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اعتراف کے باوجود سزا میں سستی کی جارہی ہے، کیا ریاست پر حملہ کرنا انقلابی پن ہے، حملہ کرنا دہشت گردی ہے، جودہشت گرد نہ کرسکے وہ انہوں نے کیا ہے۔ سیاسی اور دہشت گرد جماعت میں فرق ہوتا ہے، سیاست کو گند سے پاک کرنا پڑے گا، انتشاری ٹولہ دوبارہ سے متحرک ہوگیا ہے، موصوف پولی گرافکس ٹیسٹ دینے کو تیار نہیں، مجرم کو قانونی لاڈلہ نہیں بنایا جاسکتا، اعتراف کرنے والے کو سزا سنائی جانی چاہیئے۔