اسلام آباد:عدالت عالیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسے کے حوالے سے اجازت نامہ واپس لینے کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیف کمشنر کا پی ٹی آئی کے جلسے کا اجازت نامہ واپس لینے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے درخواست پر سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں پر سماعت کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں عدالت عالیہ نے 5 جولائی کا چیف کمشنر کا این او سی واپس لینے کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی جلسہ کے این او سی کی درخواست اسلام آباد انتظامیہ کے سامنے زیر التوا تصور ہوگی۔ اسلام آباد انتظامیہ قانون کے مطابق اور وجوہات کے ساتھ درخواست پر فیصلہ کرے۔ 5 جولائی کے آرڈر کے مطابق محرم میں لا اینڈ آرڈر صورت کی وجہ سے این او سی واپس لیا گیا، این او سی واپس لینے سے پہلے چیف کمشنر نے پی ٹی آئی کے کسی نمائندے کو آگاہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے چیف کمشنر کے آرڈر کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔