لاہور:سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف اور آصف علی زرداری تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرنے جا رہے ہیں، ان کا ساتھ دینے والے کسی سے نظریں نہیں ملاسکیں گے۔
لاہور انسداد دہشتگردی عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ آصف زرداری اور نواز شریف تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرنے جا رہے ہیں۔ اس غلطی کے بعد کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے، اس غلطی کے بعد دونوں پارٹیوں کے ممبران اسمبلی مستقبل میں کسی سے نظریں نہیں ملاسکیں گے ۔
فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف سے بلے کا نشان چھین لیا گیا۔ کسی کا نشان چھلی کسی کا کدو تھا پھر بھی ہم جیتے۔ عمران خان مظلوم ہیں ساری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، بانی پی ٹی آئی کو 14 ماہ سے جیل میں رکھا ہوا ہے۔ نواز شریف اور آصف زرداری خواہشات پر مبنی فیصلے کررہے ہیں ، آپ نہ سپریم کورٹ کو مان رہے ہیں نہ ہی کسی قانون کو ۔ دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست کسی طور پر مخالفین پر پابندی لگانے کا نام نہیں ہے، اس سے پی ٹی آئی اور عمران خان کو کیا فرق پڑا ، ڈیجیٹل دہشت گردی پی ٹی آئی نہیں کر رہی ملک سے باہر سے ہو رہی ہے۔ رؤف حسن اور احمد کو فوری رہا کیا جائے۔ دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے۔