پاکستان کی اولین ضرورت امن و استحکام ہے، فائق شاہ

99

محراب پور (جسارت نیوز) امن ترقی پارٹی کے چیئرمین محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ حکومتیں ناکام ہوتی ہیں، ادارے کمزور کرتی ہیں، تو دہشت گرد عناصر کو موقع ملتا ہے، عوام اور فوج نے بڑی قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی اولین ضرورت امن و استحکام ہے، حکومتیں اور ادارے اس پر توجہ دیں، جب قانون سے بالاتر سمجھنے والے زیادہ ہو جائیں، لاقانونیت بڑھ جائے تو بیرونی عناصر کو موقع ملتا ہے، خیبرپختونخوا کے عوام اور فوج نے قربانیوں کی داستانیں رقم کی ہیں، امن قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ٹکراؤ کی پالیسی کا پاکستان کو نقصان ہوگا، معاملات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں، امن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، بنوں یا دیگر علاقوں میں پیش آنے والے واقعات کو مکمل سیکورٹی نیٹ ورک میں دیکھا جائے، محاذ آرائی اور سیاسی مفادات سے عوام اور پاکستان کا نقصان ہے۔ محمد فائق شاہ نے کہا کہ معاشی غلامی سے نکلنے کے لیے بڑے ہوم ورک کی ضرورت ہے یہ کام چھوڑ کر سیاسی جماعتیں اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں، پاکستان کی اساس اور بنیاد کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، تمام ماہرین، تھینک ٹینکس اور ادارے مل کر ملک کو معاشی غلامی اور لا قانونیت سے نکالیں، ایک ناکام ریاست کی طرف نہ دھکیلیں، عدلیہ، پارلیمنٹ اور تمام عوامی طبقات کو امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے ایک سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔