شعبہ زراعت میں چین سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم

66
اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف سے چینی کمپنی ہینگینگ ٹریڈ کمپنی کا وفد ملاقات کررہاہے

 

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین زھانگ بن کی قیادت میں چینی کمپنی ہینگینگ ٹریڈ کمپنی کے وفد نے ملاقات کی اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان زراعت کے شعبے میں چین کی کامیابی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، وزیراعظم نے گوادر پورٹ اتھارٹی کو چینی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات دینے اور گوادر فری زون میں یوٹیلیٹیز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وفد کی جانب سے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ہینگینگ ٹریڈ کمپنی پاکستان میں زراعت، لائیو اسٹاک، ادویات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ ہینگینگ ٹریڈ کمپنی 50 ملین ڈالر کی لاگت سے گوادر میں جدید سہولیات سے آراستہ مذبح خانہ (سلاٹر ہاؤس) تعمیر کر رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سلاٹر ہاؤس کی تکمیل سے پاکستان کے لائیو اسٹاک کے شعبے سے چین کو 30 ملین امریکی ڈالرز تک سالانہ کی برآمدات ہوں گی، سلاٹر ہاؤس میں مقامی لوگوں کیلئے ایک ہزار کے قریب نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہیں، میرے حالیہ دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان بڑے پیمانے پر بزنس ٹو بزنس معاہدے طے پائے جو کہ انتہائی خوش آئند امر ہے۔