بجلی بلوں میں میونسپل ٹیکس وصولی، میئر کراچی کو نوٹس جاری

34

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کا کیس ،عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کو نوٹس جاری کردیے ۔مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی جہاں عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مئیر کراچی سے 7 اگست تک جواب طلب کرلیا۔ جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق کا کہناتھا کہ مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عدالت کے 29 مئی 2024ء کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے ،عدالت حکم کے مطابق یوٹیلیٹی ٹیکس کے الیکٹرک کے ذریعے وصولی کے بارے میں تفصیلی بحث ضروری تھی،مئیر کراچی نے اس معاملے پر کمیٹیوں کو بریف کیا نا ایوان میں بحث کا موقع دیا ،کے ایم سی کے ایوان میں ضمنی ایجنڈے کے تحت یوٹیلیٹی ٹیکس کی وصولی کی قرار داد منظور کرالی،جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی اراکین کو اعتماد میں بھی نہیں لیا گیا تھا ،عدالت کے حکم کے مطابق 300 یونٹ کے صارفین کو ایم یو سی ٹی چارجز سے استثنا دینا تھا ،صرف 2 سو یونٹ والوں کو ایم یو سی ٹی چارجز سے استثنا دیا گیا ہے ،ایم یو سی ٹی ٹیکس کے نفاذ سے متعلق حکم امتناع جاری کیا جائے ،عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ دوسرے فریق کو سنے بغیر حکم امتناع کیسے جاری کردیں ،وکیل کاکہنا تھا کہ کوئی مختصر تاریخ دی جائے تاکہ کراچی کی عوام کا نقصان نا ہو۔