اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان آئندہ 3 برس کیلئے اقتصادی تعاون تنظیم کا سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالے گا۔سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ اسد
مجید خان اقتصادی تعاون تنظیم کے نئے سیکرٹری جنرل ہوں گے۔ وہ دو ہفتے کے بعد ای سی او سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے۔سفارتی ذرائع نے بتایا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کیاسد مجید خان گذشتہ 32 برس سے زائد عرصہ میں پاکستان سے ای سی او کے تیسرے سیکرٹری جنرل ہوں گے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد مجید خان اگست میں تاجکستان سے تعلق رکھنے والے ای سی او کے موجودہ سیکرٹری جنرل خسرو نوریزی کی جگہ لیں گے، اسد مجید خان امریکہ میں پاکستانی سفیراورسیکرٹری خارجہ بھی رہ چکے ہیں۔سفارتی ذرائع کے مطابق اسد مجید خان سابق پی ٹی آئی دور حکومت کے دوران متنازعہ سائفر تنازعہ کے وقت امریکہ میں پاکستانی سفیر تھے، اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل بھی آج بدھ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تاجکستان سے تعلق رکھنے والے ای سی او سیکریٹری جنرل خسرو نوزیری دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ دورے میں ای سی او کے آئندہ ماہ سیکرٹری جنرل کے عہدے کے پاکستان منتقلی پر بھی بات چیت ہو گی۔سفارتی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ دورے میں ای سی او سیکرٹری جنرل کی نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سمیت پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی۔